بنگلورو2؍اگست(ایس او نیوز)نول گند تعلقہ کے یمنور دیہات میں مہادائی مسئلے پر بند کے دوران عورتوں اور بچوں پر مظالم ڈھانے کے الزام میں دھارواڑ ضلع کے ایس پی دھرمیندر کمار مینا نے چھ کانسٹبلوں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ معطل کانسٹبلوں میں دو وجئے پور دو بلگاوی اور دو نولگند سے ہیں۔ خواتین اور بچوں پرپولیس کے مبینہ حملوں کے ویڈیو کا بغور جائزہ لینے کے بعد ان چھ کانسٹبلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کرنے کے ساتھ ان کے خلاف جانچ کے احکامات بھی صادر کئے گئے ہیں۔مہادائی مسئلے پر ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف کرناٹک بند کے دوران رعیت اپنی جگہ احتجاج کررہے تھے، لیکن ان چھ کانسٹبلوں سمیت دیگر پولیس جوانوں نے یمنور اور الگواڈی دیہاتوں میں گھروں میں گھس کر خواتین کو باہر نکالا اور ان کی پٹائی کی ۔یہاں تک کہ حاملہ خواتین کو بھی گھروں سے باہر نکال کر ان کے پیٹ پر لاٹھیاں برسائیں۔ سابق وزیر اعلیٰ ایس ڈی کمار سوامی اور دیگر مقامی جے ڈی ایس لیڈروں نے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور سے گذارش کی تھی کہ اس حملہ کیلئے ذمہ دار پولیس والوں پر سخت کارروائی کی جائے، خود وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے بھی پولیس کی ان زیادتیوں کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے معذرت خواہی کی تھی۔ اس سلسلے میں ضلعی پولیس انتظامیہ نے تمام ویڈیوز کو دیکھنے کے بعد پولیس کانسٹبلس سمیت نولگند تھانہ کے سرکل انسپکٹر ارون کمار ،سب انسپکٹر شبیوگی لوہارکو معطل کیا ہے اور ڈی وائی ایس پی شرنپا اولے کار کا تبادلہ کردیا ہے۔ اس معاملے میں اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے خلاف بھی محکمۂ داخلہ کارروائی کی تیاریوں میں ہے۔کسانوں پر ہوئے اس لاٹھی چارج کے سلسلے میں اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کمل پنت، راگھویندرا اورادکر اور بھاسکر راؤ کے خلاف تادیبی کارروائی پر غور کیاجارہاہے۔ کہاجاتاہے کہ ان تینوں عہدیداروں کی ہدایت پر ہی ماتحتوں نے کسانوں کی اس قدر بری طرح پٹائی کی ہے۔ ان تینوں عہدیداروں کو ان کے موجودہ عہدوں سے ہٹا دئے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اوم پرکاش کو طویل چھٹی پر بھیجنے کیلئے محکمۂ داخلہ نے فائل وزیر اعلیٰ کو روانہ کردیا ہے۔ سدرامیا چونکہ اپنے فرزند راکیش کی ناگہانی موت کی وجہ سے آج ہی بنگلور لوٹے ہیں ان کے سامنے جلد ہی یہ فائل لائی جائے گی اور اس پر دستخط کے ساتھ ہی ڈی جی پی کو چھٹی پر بھیج دیا جائے گا اور باقی تین افسران کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی جائے گی یا پھر کچھ دنوں کیلئے انہیں بھی چھٹی پر روانہ کردیا جائے گا۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے حالانکہ یہ اعلان کیا تھاکہ پولیس کی ان مبینہ زیادتیوں کی جانچ کمل پنت کریں گے، لیکن اب ان پر ہی انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے اس معاملے کی جانچ سے بھی انہیں ہٹا دئے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہاہے۔
میٹروسرنگ کے قریب گھڈا ، عوام میں افراتفری کا سبب
بنگلورو2؍اگست(ایس او نیوز شہر کے کیمپے گوڈا روڈ پر اڈیگاس ہوٹل کے روبرو آج اچانک سڑک بیٹھ گئی ، جس کی وجہ سے لوگوں میں افراتفری مچ گئی، میٹرو سرنگ کے قریب اس سڑک کے بیٹھ جانے کی وجہ سے فوری طور پر میٹرو کے افسران بھی وہاں پہنچ گئے۔سڑک کے بیچ تقریباً چھ فیٹ گہرا کھڈا پڑ گیا جس کی وجہ سے فوری طور پر ٹریفک پولیس نے بیاریکیڈ لگاکر سڑک کے اس حصہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ آج صبح گیارہ بجے اچانک سڑک کا یہ حصہ بیٹھ گیا، جس کی وجہ سے کیمپے گوڈاروڈ پر ٹریفک میں کافی خلل پڑا۔ اچانک اس سڑک کے بیٹھ جانے کی وجہ معلوم نہیں ہوپائی ہے،لیکن بتایاجارہا ہے کہ میٹرو سرنگ کی کھدائی کی وجہ سے یہاں کی زمین کمزور پڑ گئی ہے، شاید اسی وجہ سے سڑک میں اتنا بڑا گھڈا پڑا گیا ہے۔ بی بی ایم پی اور بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن کے عملے نے اس گھدے کی مرمت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
مدرسہ میں بچوں کو زنجیروں سے باندھ رکھنے پراساتذہ گرفتار
بنگلورو2؍اگست(ایس او نیوز) شہر کے ایک مدرسہ میں بچوں کو سزا کے نام پر انہیں زنجیروں سے باندھ کر غیر انسانی طریقے سے رکھنے والے ایک استاد سمیت دو افراد کو ایچ ایس آر لے آؤ ٹ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ فرنگی پالیہ کے ایک مدرسہ میں استاد ہاسن کے مبارک مولا صاب اور اسی علاقہ کے ساکن وہاب صاب کو اس سلسلے میں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مدرسہ میں زیر تعلیم تین بچوں کی طرف سے تعلیم میں عدم دلچسپی کی وجہ سے ان دونوں نے ان کے پیروں میں زنجیریں باندھ رکھی تھیں۔ روزانہ ان بچوں کے ساتھ یہ دونوں ایسا ہی معاملہ کرتے۔ بتایاجاتاہے کہ مبارک مولا نے وہاب کی ہدایت پر ان بچوں کو سزا دیا کرتا تھا۔ پولیس کو اس سلسلے میں معتبر اطلاع ملنے پر ان دونوں ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
6؍ اگست کوجنم نہ منانے ڈاکٹر پرمیشور کا فیصلہ
بنگلورو2؍اگست(ایس او نیوز) وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور 6اگست کو اپنا جنم دن منائیں گے۔تاہم آج انہوں نے پارٹی کارکنوں اور اپنے شیدائیوں کو یہ سخت ہدایت دی ہے کہ ان کے جنم دن کا اہتمام نہ کیا جائے ۔ ڈاکٹر پرمیشور نے جو کے پی سی سی صدر بھی ہیں آج پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ کسی بھی حال میں بڑے پیمانے پر ان کے جنم دن کا اہتمام یا جنم دن کے موقع پر فلیکس ، بیانرس یا اخباری اشتہارات سے گریز کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسان کلسا بنڈوری معاملے پر کافی پریشان ہیں، مہادائی مسئلے پر کرناٹک کے ساتھ ناانصافی کی وجہ سے کنڑا نواز تنظیمیں احتجاج میں لگی ہوئی ہیں تو دوسری طرف حاصل ہی میں کسانوں پر پولیس کی زیادتیوں کی وجہ سے محکمۂ داخلہ پر ایک داغ لگا ہوا ہے، اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ سدرامیا کے فرزند راکیش کی ناگہانی موت کا واقعہ ابھی تازہ ہے۔ ان حالات میں وہ اپنا جنم دن قطعاً منانا چاہتے ہیں اور نہ ہی اپنے کارکنوں اور شیدائیوں کو اس کی اجازت دینا چاہیں گے۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ان کا دل بھی اس طرح کی کسی تقریب کے اہتمام کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔اسی لئے وہ تمام سے گذارش کرتے ہیں کہ جنم دن کے اہتمام میں کچھ نہ کیا جائے۔